اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

اسرائیلی حملے دنیا کو ایٹمی تباہی کی جانب دھکیل رہے ہیں، روس کا انتباہ

Maria Zakharova

اسرائیلی حملے دنیا کو ایٹمی تباہی کی جانب دھکیل رہے ہیں، روس کا انتباہ

ماسکو (صداۓ روس)
روس نے اسرائیل کی جانب سے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر جاری فضائی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدامات دنیا کو ایک بڑی ایٹمی تباہی کی جانب لے جا سکتے ہیں۔ روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے یہ حملے عالمی سلامتی کے لیے ناقابلِ قبول خطرہ ہیں اور خطے کو شدید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ روسی بیان کے مطابق، اسرائیل کی طرف سے ایران کی پرامن ایٹمی تنصیبات پر مسلسل بمباری نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ یہ ایک عالمی سانحے کا پیش خیمہ بھی بن سکتی ہے۔ وزارتِ خارجہ نے اسرائیلی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر ایران کے جوہری مراکز پر حملے بند کرے۔ اسرائیل نے جمعے کے روز ایران پر بمباری کا آغاز کیا تھا، یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ تہران ایٹم بم بنانے کے قریب پہنچ چکا ہے۔ تاہم ایران نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے بھرپور جوابی کارروائی کی۔

روسی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری کی اکثریت نے اسرائیلی حملوں پر شدید ردعمل دیا ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اسرائیل کو صرف وہ ممالک حمایت فراہم کر رہے ہیں جو اس کے “ساتھی مجرم” بنے ہوئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے حامی ممالک، خصوصاً امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی، نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی پر دباؤ ڈال کر ایران کے خلاف ایک جانبدار قرار داد منظور کروائی، جس نے اسرائیل کو کھلی چھوٹ دے دی اور موجودہ بحران کی راہ ہموار کی۔ روس نے مغربی ممالک پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عالمی جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جو بین الاقوامی برادری کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بن رہا ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام خالصتاً پرامن ہے اور اسرائیل اپنی عسکری کارروائیوں کے ذریعے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کر رہا ہے۔ روس کے مطابق، اس تمام تر صورتحال کا واحد حل سفارتی اور پرامن مذاکرات ہیں، جن کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

Share it :