جنگ بندی کی خلاف ورزی: نیتن یاہو کے حکم پر اسرائیلی فضائیہ کا غزہ پر حملہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
اسرائیل نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے حکم کے بعد اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر کے شمالی علاقوں کو نشانہ بنایا، جہاں ایک اسپتال کے قریب شدید بمباری کی گئی۔ یہ حملے اس وقت کیے گئے جب نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، وزیرِاعظم نے فوج کو ہدایت دی کہ وہ غزہ کی پٹی پر بھرپور فضائی و زمینی حملے کرے۔ وزیرِاعظم آفس کے مطابق یہ فیصلہ اس خصوصی اجلاس کے بعد کیا گیا جو اسرائیلی پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے موقع پر طلب کیا گیا تھا۔ نیتن یاہو نے اجلاس میں کہا کہ اسرائیل امن چاہتا ہے لیکن سلامتی کے خطرات کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتا۔ ادھر عرب میڈیا کے مطابق، نیتن یاہو نے الزام عائد کیا کہ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا گیا، اور حماس نے مغویوں کی لاشوں کی واپسی سے متعلق خلاف ورزیاں کی ہیں۔ جواب میں حماس کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رکھیں تو وہ یرغمالیوں کی لاشوں کی حوالگی منسوخ کر دے گا۔