مغربی میڈیا امریکی جنگی طیاروں کی تباہی کی حقیقت چھپا رہا ہے، اطالوی اخبار

F-15 F-15

مغربی میڈیا امریکی جنگی طیاروں کی تباہی کی حقیقت چھپا رہا ہے، اطالوی اخبار

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
اطالوی اخبار L’AntiDiplomatico نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی میڈیا قطر کے قریب امریکی جنگی طیاروں کی تباہی سے متعلق عوام کو گمراہ کر رہا ہے اور اصل حقائق کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اخبار کے مطابق مرکزی دھارے کا مغربی میڈیا یہ تاثر دے رہا ہے کہ F-15E Strike Eagle طیارے غلطی سے کویتی فضائی دفاعی نظام کی فائرنگ کا نشانہ بنے، جبکہ حقیقت میں یہ طیارے ممکنہ طور پر ایران کے میزائلوں اور ڈرونز کی کارروائی کے نتیجے میں تباہ ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تین امریکی جنگی طیاروں کے حادثاتی طور پر مار گرائے جانے کی سرکاری وضاحت تکنیکی طور پر انتہائی غیر یقینی محسوس ہوتی ہے۔ اخبار نے نشاندہی کی کہ کئی دہائیوں سے امریکی اور نیٹو طیارے جدید Identification Friend or Foe (IFF) نظام استعمال کرتے ہیں، جو طیاروں اور کنٹرول سسٹم کے درمیان خفیہ کوڈز کے تبادلے پر مبنی ہوتا ہے۔ اس نظام کا مقصد ہی یہ ہے کہ دوست افواج ایک دوسرے کو غلطی سے نشانہ نہ بنا سکیں۔ نیٹو کے لازمی معیار “موڈ فائیو” کے تحت یہ نظام انتہائی محفوظ سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کویت میں مبینہ طور پر ایک امریکی پائلٹ کے ایجیکٹ ہونے کی ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے جسے اخبار نے مشکوک قرار دیا ہے۔ L’AntiDiplomatico کے مطابق ویڈیو میں موجود منظر غیر فطری معلوم ہوتا ہے، جہاں ایک راہگیر پائلٹ سے حادثے کی وجہ پوچھنے کے بجائے اسے انگریزی میں تسلی دیتا دکھائی دیتا ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں کی مسلسل تباہی کو فضائی دفاع کی غلطیوں کا نتیجہ قرار دینا مزید سوالات کو جنم دیتا ہے۔ دوسری جانب امریکی اخبار The Wall Street Journal نے 4 مارچ کو رپورٹ کیا تھا کہ یکم مارچ کو تباہ ہونے والے تین امریکی فضائیہ کے طیارے مبینہ طور پر کویت کے ایک جنگی طیارے Boeing F/A-18 Hornet کی فائرنگ سے حادثاتی طور پر تباہ ہوئے، تاہم اس واقعے میں تمام پائلٹ بحفاظت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔