روسی صدر کے کرغزستان کے سرکاری دورے پر مشترکہ اعلامیہ سمیت اہم معاہدوں پر دستخط

Putin Putin

روسی صدر کے کرغزستان کے سرکاری دورے پر مشترکہ اعلامیہ سمیت اہم معاہدوں پر دستخط

ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن کے بشکیک کے سرکاری دورے کے دوران سات اہم دستاویزات پر دستخط کیے گئے جو روس اور کرغزستان کے باہمی تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہیں۔ صدر پوتن اور کرغزستان کے صدر صادر جاپاروف نے مشترکہ اعلامیہ پر بھی دستخط کیے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری اور اتحاد کو مزید گہرا بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ معاہدوں میں دفاع، معاشی منصوبہ بندی، صحت، تعلیم اور ڈاک کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ دونوں ممالک نے فوجی و تکنیکی تعاون کے معاہدے میں ترمیم سے متعلق پروٹوکول پر دستخط کیے۔ اسی کے ساتھ روسی حکومت اور کرغز کابینہ نے صحتِ عامہ اور وبائی امراض کے کنٹرول سے متعلق نئے تعاون پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے داخلی امور اور امیگریشن کے اداروں کے نمائندہ دفاتر کے قیام کے لیے قانونی فریم ورک بھی طے پایا۔ مزید برآں، کرغزستان میں بورس یلسن کرغز-روسی سلاوک یونیورسٹی کے نئے کیمپس کی تعمیر سے متعلق معاہدہ بھی توجہ کا مرکز رہا۔

صحت کے شعبے میں دونوں ممالک کی وزارتِ صحت نے کارڈیالوجی میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ معاشی میدان میں روس کی وزارتِ اقتصادی ترقی اور کرغزستان کی وزارتِ معیشت و تجارت نے اسٹریٹجک پلاننگ میں تعاون کے لیے معاہدہ کیا۔ جبکہ روسٹ پوسٹ اور کرغز پوسٹ کے درمیان ڈاک خدمات میں تعاون کے لیے اعلامیۂ نیت (Agreement of Intent) بھی طے پایا۔

Advertisement