کراچی: ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ شاپنگ پلازہ میں آگ، 6 افراد جاں بحق

Karachi Fire Karachi Fire

کراچی: ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ شاپنگ پلازہ میں آگ، 6 افراد جاں بحق

اسلام آباد (صداۓ روس)
کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ پلازہ میں لگنے والی تیسری درجے کی آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا، جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ دھویں کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ آگ کے باعث گل پلازہ کی عمارت کے دو حصے گر گئے۔ تین منزلہ عمارت میں ایک ہزار سے زائد دکانیں موجود ہیں، جبکہ گراؤنڈ اور میزنائن فلور مکمل طور پر جل چکے ہیں اور بالائی دو منزلوں پر بھی آگ لگی ہوئی ہے۔ عمارت مخدوش ہو چکی ہے اور پلرز کمزور پڑ گئے ہیں، جس کے باعث عمارت کے مکمل طور پر گرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق شہر کی تمام فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور ریسکیو و فائر فائٹنگ آپریشن میں پاک بحریہ کی اسنارکلز اور دو فائر ٹینڈر بھی شامل ہیں۔ کراچی گل پلازا کی آگ بجھانے کے لیے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی سے بھی مدد طلب کی گئی، جس کے بعد سندھ حکومت کی درخواست پر فائر ٹینڈرز گل پلازہ پہنچ گئے۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں فائر فائٹر بھی شامل ہے، فائر فائٹر فرقان عمارت کا ایک حصہ گرنے سے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوا۔ دیگر جاں بحق افراد کی شناخت فراز، کاشف، عامر اور شہروز کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ایک شخص کی شناخت ابھی تک ممکن نہیں ہو سکی۔

ریسکیو آپریشن کے دوران فائر بریگیڈ کی سیڑھیاں ٹوٹنے سے دو افراد گر کر زخمی بھی ہوئے۔ آگ لگنے سے مخدوش گل پلازہ کے مختلف حصے گرنے کا سلسلہ جاری ہے، عقبی جانب عمارت کا بڑا حصہ گر گیا جبکہ پلرز میں دراڑیں گہری ہو گئیں۔ چیف فائر افسر کے مطابق آگ ہفتے کی رات سوا دس بجے کے قریب لگی اور اسے تیسری درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی وجہ سے عمارت کے مختلف حصے گر رہے ہیں اور پوری عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آگ شاپنگ پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی، جس نے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ شاپنگ پلازہ گراؤنڈ، میزنائن اور دو فلور پر مشتمل ہے۔ گل پلازہ میں آگ کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں، جس کے باعث ان کے اہلِ خانہ شدید پریشان ہیں۔ لاپتا افراد کے اہلِ خانہ مختلف اسپتالوں میں اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ متاثرہ افراد کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ان کا اپنے پیاروں سے رات تک رابطہ تھا، مگر اب فون بند ہیں۔ سول اسپتال کے برنس سینٹر کے باہر متاثرہ افراد کے اہلِ خانہ کی بڑی تعداد موجود ہے اور خدشہ ہے کہ کئی افراد اب بھی عمارت کے اندر موجود ہوں۔

Advertisement