بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس لگانے پر کراچی کے تاجروں کا احتجاج

کراچی کے تاجروں نے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس لگانے کے خلاف احتجاج کیا اور بل ادا نہ کرنے کا بھی اعلان کردیا۔

بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس کے خلاف آل سٹی تاجر اتحاد کے تحت تاجروں نے زیب النساء اسٹریٹ کو احتجاجاً بلاک کردیا۔

احتجاج کے دوران تاجروں کی جانب سے کے الیکٹرک اور ایف بی آر کے خلاف نعرے بازی کی اور تاجروں نے بجلی کے بل ادا نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بلوں کو نذر آتش کردیا۔

Advertisement

اس موقع پر آل سٹی تاجر اتحاد کے چئیرمین شرجیل گوپلانی نے کہا کہ کراچی کے تاجروں سے بجلی کے بلوں میں غیرمنصفانہ سیلز ٹیکس کے خلاف روزانہ احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بجلی کے بلوں پر پہلے ہی سیلز ٹیکس کی ادائیگیاں کررہے ہیں، نئے ظالمانہ اقدامات کے ذریعے کم از کم 6 ہزار روپے کا اضافی سیلز ٹیکس بند دکانوں پر بھی عائد کردیا گیا ہے، دہرا سیلز ٹیکس عائد ہونے پر تاجر پریشان اور سراپا احتجاج ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک اضافی سیلز ٹیکس ختم نہیں ہوتا تاجر بجلی کے بلوں کی ادائیگیاں نہیں کریں گے۔ اس موقع پر احتجاجی تاجروں نے زیب النساء اسٹریٹ پر دھرنا دیا اور تھوڑی دیر بعد خود ہی منتشر ہوگئے۔