اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

Language

قازان فورم : اسلامی دنیا کو معیشت سے اپنی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہوگا،وزیراعظم ملائیشیا

Prime Minister Datuk Seri Anwar Ibrahim

قازان فورم : اسلامی دنیا کو معیشت سے اپنی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہوگا،وزیراعظم ملائیشیا

قازان (اشتیاق ہمدانی)

ملائیشیا کے وزیر اعظم داتوک سری انور ابراہیم نے قازان میں جاری 16ویں بین الاقوامی اقتصادی فورم “روس – اسلامی دنیا: قازان فورم 2025” کے دوران اسلامی دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی بنیادوں کو مضبوط کرے، جس کا آغاز معیشت سے ہونا چاہیے، خاص طور پر حلال صنعت سے، جس کی عالمی مالیت 3 ٹریلین امریکی ڈالر (تقریباً 12.8 ٹریلین رنگٹ) ہے۔

 

KAZANFORUM 2025

انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک سے لے کر مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا تک، مسلم دنیا کو چاہیے کہ اس اتحاد کو باقاعدہ شکل دے اور مزید مستحکم کرے۔ انور ابراہیم نے 100 سے زائد ممالک سے آئے ہوئے 2,500 شرکاء کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کہا اس کے بعد اسلامی مالیات کی باری آتی ہے، جو صرف ‘سود سے پاک’ ہونے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ہمیں ایسی نئی جدتوں کی طرف بڑھنا ہوگا جو نہ صرف مسلم دنیا کے لیے بلکہ غیر مسلم معاشروں اور ممالک کے لیے بھی اقتصادی طور پر قابلِ عمل متبادل فراہم کریں.

 

KAZANFORUM 2025
KAZANFORUM 2025

وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں تبدیلی اور ڈیجیٹل انقلاب جیسے موضوعات پر بھی زور دیا، اور کہا کہ مسلم ممالک کو ان نئے عالمی رجحانات کو اپنانا ہوگا تاکہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نبی کریم ﷺ کی سیرت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہم نبی خدا محمد ﷺ کی تعلیمات کو کس طرح سچا خراجِ تحسین پیش کر سکتے ہیں؟ ان کی اقدار اور کردار کو اپنا کر۔ اس لیے نوجوان نسل کے لیے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ وہ اچھے خاندانی اور سماجی اقدار کے ساتھ پروان چڑھیں۔

 

KAZANFORUM 2025
KAZANFORUM 2025

انور ابراہیم نے نوجوانوں کے مسائل پر بھی خاص توجہ دلائی اور کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ علما، دانشور اور سیاسی رہنما نوجوانوں کی آواز کو نہ صرف سنیں بلکہ اس پر سنجیدگی سے عمل کریں۔ انہوں نے مزید کہا ہم نے ان مسائل پر کئی بار بحث کی ہے، اور میں نے آج صبح اسٹریٹجک اجلاس میں تجویز دی ہے کہ نوجوانوں سے اس مکالمے کو آگے بڑھایا جائے۔ انہیں یہ موقع دیا جائے کہ وہ اپنے خیالات، تجاویز، اور اختلافات کھل کر بیان کریں، تاکہ ان کی آواز صرف سنی نہ جائے بلکہ ہماری پالیسی سازی میں فیصلہ کن حیثیت اختیار کرے۔

 

KAZANFORUM 2025
KAZANFORUM 2025

انور ابراہیم کا خطاب اس بات کا عکاس تھا کہ اسلامی دنیا کو معاشی، سماجی اور علمی بنیادوں پر ایک نیا عالمی کردار ادا کرنے کے لیے خود کو ازسرنو منظم کرنا ہوگا — اور اس کی قیادت نوجوان نسل کو اعتماد دے کر ہی ممکن ہے۔

 

Share it :