سال 2026 میں قازان “اسلامی دنیا کا ثقافتی دارالحکومت” ہوگا
قازان: اشتیاق ہمدانی
روس کے شہر قازان میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی اقتصادی فورم “روس – اسلامی دنیا: قازان فورم” 2025 کے دوران ایک تاریخی اجلاس کا انعقاد ہوا، جہاں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے ثقافت پہلی مرتبہ روس میں جمع ہوئے۔ اس تاریخی موقع پر روس کی وزیر ثقافت اولگا لیوبیمووا نے 2026 کے لیے ایک بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہمارے سامنے ایک بڑا مشترکہ کام ہے: 2026 میں قازان اسلامی دنیا کا ثقافتی دارالحکومت ہوگا۔
یہ اعلان وزرائے ثقافت کے پہلے اجلاس کے اختتام پر کیا گیا، جس کا مرکزی موضوع تھا “تہذیبوں کے درمیان مکالمہ – کثیر القطبی دنیا میں شناخت اور تنوع کے تحفظ کی بنیاد”۔ اجلاس میں آذربائیجان، بحرین، گنی بساؤ، انڈونیشیا، ایران، قازقستان، موریطانیہ، متحدہ عرب امارات، عمان، پاکستان، فلسطین، سعودی عرب، صومالیہ، سوڈان، سیرا لیون، تاجکستان، ازبکستان سمیت اسلامی تعلیمی، سائنسی و ثقافتی تنظیم اور عرب لیگ کے اعلیٰ نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران جمہوریہ تاتارستان کے صدر رستم منیخانوف نے مہمان وزرا سے ملاقات کی اور کہا کہ
ایسے اجلاس ہماری قربت کو مضبوط کرتے ہیں۔ ہم کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے قازان کو اسلامی دنیا کا ثقافتی دارالحکومت قرار دیے جانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس فیصلے کے شکر گزار ہیں اور آپ سب کو دعوت دیتے ہیں کہ 2026 میں منعقد ہونے والے 12 بڑے ثقافتی پروگراموں میں شرکت کریں۔
اس ملاقات میں تاتارستان کی نائب وزیرِ اعظم لیلا فاضلیوا، روس کی نائب وزیر ثقافت ژانا الیکسیوا اور تاتارستان کی وزیر ثقافت ایرادا ایوپووا بھی شریک تھیں۔ 2026 کے لیے قازان کو اسلامی دنیا کا ثقافتی دارالحکومت قرار دیے جانا صرف ایک اعزازی اعلان نہیں، بلکہ روس اور اسلامی ممالک کے درمیان ثقافتی مکالمے اور تعاون کی نئی راہیں کھولنے والا اقدام ہے۔ اس فیصلے کو اسلامی دنیا کے ثقافتی اتحاد کی 13ویں کانفرنس میں منظوری دی گئی تھی، جس کے تحت قازان میں سال بھر ثقافتی سرگرمیوں، نمائشوں، کانفرنسوں اور تبادلہ خیال کے 12 اہم پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ روس اور اسلامی دنیا کے درمیان تعلقات کے اس نئے مرحلے کا آغاز قازان سے ہو رہا ہے – جو تاریخ، ثقافت اور ہم آہنگی کی علامت بنتا جا رہا ہے۔