ایک ہفتے میں یوکرینی فوج کے 4,200 اہلکار اور کرائے کے جنگجو ہلاک
ماسکو (صداۓ روس)
روسی عسکری ماہر آندرے ماروچکو نے انکشاف کیا ہے کہ یوکرین نے گزشتہ ہفتے لُوگانسک عوامی جمہوریہ (LPR) کے سرحدی علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں تقریباً 4,200 فوجی اور غیر ملکی کرائے کے جنگجو کھو دیے۔ یہ معلومات انہوں نے روسی خبر رساں ادارے تاس (TASS) سے گفتگو میں فراہم کیں۔ ماروچکو کے مطابق، “گزشتہ ہفتے کے دوران یوکرینی افواج کو شمال، جنوب اور مغربی محاذوں پر تقریباً 4,230 اہلکاروں کا نقصان ہوا، جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 185 زیادہ ہے۔” ان کے مطابق، سب سے زیادہ جانی نقصان مغربی محاذ پر ہوا جہاں کوپیانسک، بورووسک اور کراسنی لیمن کے علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری رہیں۔ ماہرِ دفاع نے کہا کہ روسی افواج نے اس دوران چار یوکرینی ٹینک، 35 فیلڈ آرٹلری گنز، 73 ریڈیو الیکٹرانک اور کاؤنٹر بیٹری اسٹیشن، 104 گولہ بارود و ایندھن کے ڈپو اور تقریباً 400 جنگی گاڑیاں تباہ کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روسی وزارتِ دفاع کے تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرینی افواج کی مزاحمت کمزور پڑ رہی ہے اور محاذ پر روسی کنٹرول بتدریج مستحکم ہو رہا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقی یوکرین میں لڑائی ایک بار پھر شدت اختیار کر رہی ہے، اور دونوں فریق آئندہ سردیوں کے موسم سے قبل زیادہ سے زیادہ علاقے پر قبضہ جمانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔