ماسکو (صداۓ روس)
فوجی ماہر آندرے ماروچکو نے بتایا ہے کہ یوکرین نے گزشتہ ہفتے کے دوران خصوصی عسکری آپریشن کے علاقے میں 9,900 سے زائد فوجی اور کرائے کے جنگجو کھو دیے ہیں۔ انہوں نے روسی وزارت دفاع کی رپورٹس کا تجزیہ کرنے کے بعد اپنے وی کونٹاکٹے صفحے پر لکھا کہ دشمن کے جنگی اور ناقابل بحالی نقصانات مجموعی طور پر تقریباً 9,955 یوکرینی جنگجوؤں اور کرائے کے فوجیوں تک پہنچ گئے، جو پچھلے رپورٹنگ عرصے کے مقابلے میں 515 زائد ہے۔ ان کے مطابق دونیتسک عوامی جمہوریہ اور دنیپروپیتروفسک خطے میں سرگرم روس کا بیٹل گروپ سینٹر نے یوکرینی مسلح افواج کو افرادی قوت کا سب سے بڑا نقصان پہنچایا۔
ماروچکو نے مزید بتایا کہ روسی فوجیوں نے گزشتہ ہفتے کے دوران تقریباً 5,000 یوکرینی ڈرونز، 17 بحری جہاز، 74 بکتر بند لڑاکا گاڑیاں، دو گراد ملٹی پل لانچ راکٹ نظام، 36 میدانی توپیں، 31 الیکٹرانک وارفیئر اور کاؤنٹر بیٹری اسٹیشنز، اور تقریباً 600 دشمن گاڑیاں تباہ کیں۔