انتظار کی گھڑیاں ختم روسی و امریکی صدور کی پہلی ملاقات الاسکا میں طے
ماسکو(صداۓ روس)
کریملن نے تصدیق کی ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 15 اگست کو امریکی ریاست الاسکا میں ملاقات کریں گے۔ کریملن کے مشیر یوری اوشاکوف نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ملاقات کے انتظامات طے پا گئے ہیں۔ یوری اوشاکوف کے مطابق، “روس اور امریکہ قریبی پڑوسی ہیں اور ہماری سرحد بیئرنگ اسٹریٹ پر ملتی ہے، اس لیے یہ منطقی ہے کہ ہمارا وفد براہِ راست یہاں پہنچے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ اہم اور طویل عرصے سے منتظر اجلاس منعقد ہو۔ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر اعلان کیا تھا کہ وہ 15 اگست کو الاسکا میں صدر پوتن سے ملاقات کی امید رکھتے ہیں۔ یہ ملاقات جنوری 2025 میں ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے بعد دونوں رہنماؤں کی پہلی بالمشافہ ملاقات ہوگی۔
اس سے قبل 7 اگست کو کریملن نے اعلان کیا تھا کہ روس اور امریکہ آنے والے دنوں میں سربراہی اجلاس منعقد کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ اسی روز صدر پوتن نے بھی ملاقات کی تیاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک اس اجلاس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب 6 اگست کو امریکی خصوصی صدارتی ایلچی اسٹیو وٹکوف ماسکو پہنچے اور صدر پوتن سے تین گھنٹے طویل ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ممکنہ تعاون اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔