اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

آذربائیجان کا روس پر فضائی حادثے کا مقدمہ، کریملن کا ردعمل

Azerbaijan Airlines

آذربائیجان کا روس پر فضائی حادثے کا مقدمہ، کریملن کا ردعمل

ماسکو(صداۓ روس)
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے پیر کے روز کہا ہے کہ آذربائیجان کو 2024 کے فضائی حادثے کے معاملے پر روس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا حق حاصل ہے۔ ان کا یہ بیان صدر الہام علییف کے اس حالیہ اعلان کے بعد آیا ہے، جس میں انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی حکومت ممکنہ مقدمے پر غور کر رہی ہے۔

آذربائیجان کے صدر علییف نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ان کی حکومت نے ماسکو کو اس واقعے سے متعلق اپنے ممکنہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ آذربائیجان ایئرلائنز کی پرواز 8243 روسی فضائی حدود میں اس وقت متاثر ہوئی جب یوکرینی ڈرون حملے جاری تھے۔ طیارے نے بعدازاں قازقستان میں ہنگامی لینڈنگ کی، جس میں 67 مسافروں میں سے 38 جاں بحق ہو گئے۔ صدر علییف نے مقدمہ دائر کرنے کے وقت کا تعین تو نہیں کیا، مگر انہوں نے یہ ضرور کہا کہ مکمل تحقیقات میں وقت لگے گا۔ دمتری پیسکوف نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ روس تمام تحقیقاتی نتائج اور سرکاری رپورٹوں کا انتظار کرے گا۔ حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں “بیرونی مداخلت” کو وجہ قرار دیا گیا ہے، تاہم مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آذربائیجان اور روس کے تعلقات کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ روسی شہر یکاترن برگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چھاپے کے دوران دو آذربائیجانی شہری ہلاک ہو گئے تھے، جنہیں روسی حکام نے جرائم پیشہ افراد قرار دیا تھا۔ تاہم آذربائیجانی حکومت نے روسی تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے پولیس پر قتل کا الزام لگایا تھا۔ ان واقعات کے بعد باکو حکومت نے روسی نیوز ایجنسی اسپوتنک کے دفتر پر چھاپہ مارا، دو صحافیوں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا اور روس سے متعلق تمام ثقافتی تقریبات معطل کر دی گئیں۔ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ تناؤ واضح ہے، مگر کریملن کے ترجمان نے اس کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان روایتی تعلقات اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ دی یمتری پیسکوف نے کہا آذربائیجان میں روسیوں کا احترام ہمارے لیے نہایت اہم ہے۔ روس میں آذربائیجانی تارکین وطن کی بڑی تعداد آباد ہے اور ان میں سے اکثر قانون کی پاسداری کرتے ہیں اور ان کا معاشرے میں احترام موجود ہے۔ البتہ جو قانون شکنی کرتے ہیں، انہیں قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جاتا ہے۔

Share it :