کرغزستان کے صدر کا دورۂ پاکستان: معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ

Shahbaz Sharif Shahbaz Sharif

کرغزستان کے صدر کا دورۂ پاکستان: معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ

اسلام آباد (صداۓ روس)
کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر ژاپاروف کا وزیراعظم ہاؤس کے مرکزی دروازے پر پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خیرسگالی کے جذبات کا تبادلہ کیا اور گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم نے صدر ژاپاروف سے وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام کا تعارف کروایا، جبکہ صدر ژاپاروف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اپنے ہمراہ دورے پر آئے اعلیٰ سطحی وفد کا تعارف کرایا۔ اس موقع پر صدر ژاپاروف نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہو گیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر ژاپاروف نے باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 15 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا۔ پاکستان کی فارن سروسز اکیڈمی اور کرغزستان کی ڈپلومیٹک اکیڈمی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔ پاکستان کی وزارتِ تجارت اور کرغزستان کی وزارتِ معیشت نے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ کان کنی اور جیوسائنسز، توانائی، اور پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال کے شعبوں میں تعاون کے لیے بھی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سزایافتہ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ بھی طے پایا۔ کسٹمز سروسز کے درمیان الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج کے قیام، سیاحت، سرجیکل آلات، ثقافت، اور وزارتِ قانون و انصاف کے شعبوں میں تعاون کے لیے بھی مفاہمتی یادداشتیں طے پائیں۔ بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے کا بھی تبادلہ ہوا۔ مزید برآں، وزیراعظم یوتھ پروگرام اور کرغزستان کی وزارتِ ثقافت، اطلاعات، کھیل و امورِ نوجوانان کے درمیان، جبکہ ڈپلومیٹک اکیڈمی اور کرغزستان کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشتیں طے پائیں۔ یہ معاہدے دونوں ممالک کے اقتصادی، تعلیمی، ثقافتی اور سیکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

Advertisement