لاہور میں بسنت فیسٹیول کے دوران ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے ریکارڈ قائم
لاہور (صداۓ روس)
لاہور میں بسنت فیسٹیول کے دوران شہری سرگرمیوں نے نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔ تین روز کے دوران شہر میں 9 لاکھ گاڑیوں کی انٹری ریکارڈ کی گئی، جبکہ اورنج لائن، میٹرو بس، فیڈر بس، الیکٹرو بس اور دیگر سرکاری بسوں پر صرف دو روز میں تقریباً 14 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ بسنت فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ نگرانی ایک خصوصی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بسنت کے دو روزہ انتظامات اور سرگرمیوں پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی، کمشنر لاہور، محکمہ صحت، پی ایچ اے، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے حکام نے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت فیسٹیول کے انتظامات اور سکیورٹی اقدامات پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ آج بسنت میلے کا آخری روز ہے اور رات کے وقت پتنگ بازی مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تین روزہ بسنت فیسٹیول کے اختتام کے بعد پتنگ بازی پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت فیسٹیول کے دوران لاہور کے شہریوں کے تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیا اور عوام سے اپیل کی کہ آخری روز بھی پتنگ بازی سے متعلق ایس او پیز اور قواعد و ضوابط پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔