روس -عرب امارات وزرائے خارجہ کا رابطہ، ایران کے خلاف امریکی جارحیت کی مذمت
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گفتگو کے دوران سرگئی لاوروف نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں بلا اشتعال جارحیت کے زمرے میں آتی ہیں، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کو انتہائی تشویشناک قرار دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال خلیج فارس کے عرب ممالک کی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرات پیدا کر رہی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق فریقین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ فوری طور پر تمام فوجی کارروائیاں روکی جائیں اور تنازع کو سیاسی و سفارتی ذرائع کے ذریعے حل کرنے کی جانب واپس لایا جائے، جبکہ خطے کے تمام متعلقہ ممالک کے جائز مفادات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی میں مزید اضافہ پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرسکتا ہے، اس لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی مسئلے کا واحد قابلِ عمل حل ہیں۔