خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

اسرائیلی حملے: روسی وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے تعزیت

Sergey Lavrov

اسرائیلی حملے: روسی وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے تعزیت

ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق، لاوروف نے ایرانی عوام اور حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، خصوصاً ان شہریوں کے لیے جو ان حملوں میں نشانہ بنے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ روسی فریق نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات کو پُرامن طریقے سے حل کرنے اور ایران و اسرائیل کے مابین جاری کشیدگی کو کم کرنے میں اپنی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ رابطہ ۱۳ جون کو صدر ولادیمیر پوتن اور ایرانی صدر مسعود پزشکیاں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے تسلسل میں ہوا۔ بیان کے مطابق، “روس نے ایک بار پھر واضح طور پر اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کی مذمت کی ہے، جنہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا۔”

وزارت خارجہ نے بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی شنگھائی تعاون تنظیم اور بریکس کے پلیٹ فارمز پر اس معاملے پر مسلسل رابطے اور مشاورت پر اتفاق کیا ہے۔ یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے، اور عالمی طاقتیں صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر رہی ہیں۔ روس کی جانب سے مسلسل اس مؤقف کا اعادہ کیا جا رہا ہے کہ تمام فریقین کو سیاسی و سفارتی راستہ اختیار کرتے ہوئے تنازع کا پرامن حل تلاش کرنا چاہیے۔

شئیر کریں: ۔