روس نے وینزویلا کی خودمختاری کے دفاع میں بھرپور حمایت دہرا دی

Sergey Lavrov Sergey Lavrov

روس نے وینزویلا کی خودمختاری کے دفاع میں بھرپور حمایت دہرا دی

ماسکو(صداۓ روس)
روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے وینزویلا کے ساتھ بڑھتے ہوئے بیرونی دباؤ اور خطرات کے پیشِ نظر ماسکو کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ بات لاوروف نے روس میں تعینات وینزویلا کے سفیر جیسس رافائل سالازار ویلازکویز سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزارت کے بیان میں کہا گیا سرگئی لاوروف نے وینزویلا کی حکومت اور عوام کے ساتھ بڑھتے ہوئے بیرونی خطرات اور اندرونی معاملات میں مداخلت کی کوششوں کے مقابلے میں یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کاراکاس کی قومی خودمختاری کے دفاع کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت بھی دہرائی۔ روسی وزیرِ خارجہ نے اس موقع پر وینزویلا کے سفیر کو آرڈر آف فرینڈشپ (تمغۂ دوستی) بھی پیش کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں روس اور وینزویلا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی بات چیت کی۔ لاوروف نے زور دیا کہ ماسکو تمام ممالک اور خطوں کی آزاد اور مستحکم ترقی کا حامی ہے اور لاطینی امریکہ اور کیریبین کو امن کے خطے کے طور پر برقرار رکھنے کے حق میں ہے