اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

لاوروف اور روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، یوکرینی حملوں پر گفتگو

Marco Rubio and Lavrov

لاوروف اور روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، یوکرینی حملوں پر گفتگو

ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان اتوار کے روز ٹیلیفون پر اہم گفتگو ہوئی، جس میں یوکرین کی جانب سے حالیہ روسی علاقوں پر حملوں اور آئندہ ماسکو-کیف مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹیلیفونک گفتگو ایک ایسے وقت میں ہوئی جب ترکیہ کے شہر استنبول میں روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات 2 جون کو طے ہیں۔ اس سے ایک دن قبل روس کے سرحدی علاقوں بریانسک اور کورسک میں دو ریلوے پل گرنے سے کم از کم سات افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ روسی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق یہ واقعات تخریب کاری کا نتیجہ تھے۔

اسی دن روس کے مختلف فوجی ہوائی اڈوں پر ڈرون حملے بھی کیے گئے۔ ان حملوں میں ملک کے شمال میں واقع مورمانسک، مغرب میں ایوانوو اور ریازان، سائبریا میں ایرکٹسک اور مشرقی علاقے امور شامل تھے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق مارکو روبیو نے “یکم جون کو بریانسک اور کورسک میں ریلوے نظام پر بمباری سے ہونے والے عام شہریوں کے جانی نقصان پر دلی ہمدردی” کا اظہار کیا۔ سرگئی لاوروف نے کہا کہ ان حملوں کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور نتائج جلد عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا: “ذمہ دار افراد کی شناخت کر کے انہیں ان کے کیے کی سزا دی جائے گی۔”

دونوں وزرائے خارجہ نے یوکرینی تنازع کے سیاسی حل سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا، جن میں استنبول میں ہونے والے مذاکرات بھی شامل ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹی می بروسی کے مطابق، روبیو نے “صدر ٹرمپ کی طرف سے روس اور یوکرین کے درمیان براہ راست اور مسلسل مذاکرات کے مطالبے کو دہرایا تاکہ پائیدار امن حاصل کیا جا سکے۔”

یوکرین کے حالیہ حملوں کے جواب میں روس نے یوکرین کے دفاعی صنعت کے مراکز، فوجی اڈوں اور اسلحہ گوداموں پر جوابی حملے کیے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق ان میں سے بیشتر حملے ناکام بنائے گئے، تاہم کچھ میں مادی نقصان ضرور ہوا۔ یوکرینی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ حملے “اسپائیڈر ویب” کے نام سے ایک “تاریخی” آپریشن کا حصہ تھے جس کی منصوبہ بندی ڈیڑھ سال سے جاری تھی اور اس کا مقصد روس کی اسٹریٹیجک فضائیہ کو نشانہ بنانا تھا۔

Share it :