بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر انتقال کر گئے
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارتی فلم انڈسٹری کے عظیم اداکار اور بالی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر طویل علالت کے بعد 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی رحلت کی خبر نے فلمی دنیا، مداحوں اور ساتھی فنکاروں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر گزشتہ کئی ماہ سے بیمار تھے اور سانس کی تکالیف کے باعث چند روز قبل انہیں ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جمعرات کے روز ان کی حالت بگڑنے پر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اداکار کی آخری رسومات پون ہنس کریمیٹوریم، ممبئی میں ادا کی گئیں جن میں ان کی اہلیہ اور سابق اداکارہ ہیما مالنی، بیٹی ایشا دیول سمیت فلم انڈسٹری کے کئی بڑے نام شریک ہوئے۔ امیتابھ بچن، جیا بچن، ابھیشیک بچن، عامر خان اور متعدد دیگر معروف شخصیات نے بھی وہاں پہنچ کر دھرمیندر کو آخری خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فلم ساز کرن جوہر نے انسٹاگرام پر ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ “مین اسٹریم سنیما کے ہیرو میگا اسٹار کا دور ختم ہوا”۔ رپورٹس کے مطابق دھرمیندر کی آخری فلم “اکیس” ہے جو رواں سال 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ دھرمیندر سنگھ دیول 1935 میں بھارتی پنجاب میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کے دوران 306 فلموں میں کام کیا اور 1960 میں فلم “دل بھی تیرا ہم بھی تیرے” کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اپنے دلکش انداز، قدرتی اداکاری اور باوقار موجودگی کے باعث وہ جلد ہی انڈسٹری کے صفِ اول کے اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔ انہیں “ہی مین آف انڈین سنیما” کے عنوان سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ دھرمیندر نے شعلے، چپکے چپکے، دھرم ویر، سیتا اور گیتا، یادوں کی بارات سمیت کئی بلاک بسٹر اور کلاسک فلموں میں لازوال کردار نبھائے۔ ان کا فلمی سفر چھ دہائیوں پر محیط رہا جس میں انہوں نے ایکشن، کامیڈی، رومانس اور جذباتی کرداروں میں اپنی ورسٹائل اداکاری کے جوہر دکھائے اور اپنے لیے فلمی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش مقام قائم کیا۔