آزاد کشمیر میں تیندوے کا حملہ، 8 سالہ بچی جاں بحق
اسلام آباد (صداۓ روس)
آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کی یونین کونسل پاہل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک تیندوا آبادی میں گھس آیا اور گھر کے صحن میں کھڑی آٹھ سالہ معصوم بچی کو اٹھا کر لے گیا۔ بچی کے ورثاء نے فوری طور پر تلاش شروع کی اور تین گھنٹے بعد جھاڑیوں سے بچی کی لاش برآمد ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق چیتے نے بچی کو اٹھا کر لے جا کر اس کی گردن سے خون چوس کر بے رحمی سے قتل کیا۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے نے علاقے میں شدید خوف اور غم کی فضا قائم کر دی ہے۔
چیتوں کے انسانی آبادیوں میں داخل ہونے کے واقعات میں حالیہ دنوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم محکمہ وائلڈ لائف آزاد کشمیر کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب کوئی فرد اپنے دفاع میں یا کسی دوسرے کو بچانے کے لیے چیتے پر حملہ کرتا ہے تو الٹا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے، جس پر عوامی حلقوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ عوامی مطالبہ ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف کی مجرمانہ غفلت پر متعلقہ افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔