ہٹیاں بالا جہلم ویلی میں تیندوے کی بار بار آبادی میں آمد، شہریوں میں خوف و ہراس
اسلام آباد (صداۓ روس)
آزاد کشمیر کی جہلم ویلی کے علاقے ہٹیاں بالا میں جنگلی تیندوے کی بار بار انسانی آبادی میں موجودگی نے تشویشناک صورتحال پیدا کر دی ہے۔ نواحی علاقے دھنی بکالاں میں جنگلی تیندوے نے ملازمِ صحتِ عامہ راجہ مون گل کی رہائشگاہ پر تیسری مرتبہ حملہ کیا، جس کے باعث علاقہ مکین شدید خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق جنگلی تیندوے کی موجودگی انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ خوش قسمتی سے حالیہ واقعے میں اہلِ خانہ اور دیگر رہائشیوں کی بروقت مزاحمت کے باعث تیندوا کسی جانی نقصان کے بغیر موقع سے فرار ہو گیا، تاہم خطرہ بدستور برقرار ہے اور کسی بھی وقت کسی بڑے سانحے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلی تیندوے کو فوری طور پر انسانی آبادی سے باہر منتقل کیا جائے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حفاظتی مجبوری کے تحت کسی ناخوشگوار اقدام کی نوبت آتی ہے تو اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی اور بعد ازاں کسی قسم کا عذر قابلِ قبول نہیں ہوگا۔مقامی آبادی نے خبردار کیا ہے کہ تاخیر یا غفلت کی صورت میں صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے، اس لیے محکمہ وائلڈ لائف اور انتظامیہ فوری عملی اقدامات کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔