بلوچستان میں کم بارشیں؛ خشک سالی کی صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ
اسلام آباد (صداۓ روس)
بلوچستان کے مغربی اور جنوب مغربی اضلاع میں بارشوں کی مسلسل کمی نے خشک سالی کی صورتحال کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی تازہ پری الرٹ ایڈوائزری کے مطابق صوبے کے کئی علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ بارشوں کی کمی معمول سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خشک سالی سے متاثرہ اضلاع میں کوئٹہ، چاغی، گوادر، کیچ، خاران، مستونگ، نوشکی، پشین، پنجگور، قلعہ عبداللّٰہ اور واشک شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں فروری 2026 تک درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے اور بارش معمول سے کم ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث زیرِ زمین پانی کی سطح مزید نیچے جا سکتی ہے اور زرعی سرگرمیوں پر بھی نمایاں اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارشوں کی کمی برقرار رہی تو صوبے کے متعدد اضلاع میں پینے کے پانی اور مویشیوں کے لیے چارے کی قلت بڑھ سکتی ہے۔ اس صورتحال سے نہ صرف کسان متاثر ہوں گے بلکہ مقامی آبادی کو بھی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے صورتِ حال پر گہری نظر رکھنے اور پانی کے محدود وسائل کے بہتر انتظام کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔