عطا آباد جھیل میں گٹر کا پانی چھوڑنے پر لیکسس ہوٹل سیل
گلگت ہنزہ (زاکر آفریدی )
ہنزہ کی معروف عطاآباد جھیل میں گٹر کا پانی چھوڑنے کے حوالے سے بین الاقوامی وی لاگر کے وائرل وی لاگ کے بعد مدتوں سے سویا اور بااثر افراد کے لئے آنکھیں مکمل طور پر بند کرنے والے متعلقہ ادارہ اچانک جاگ گیا۔ دباؤ میں آکر لگژری ہوٹل لیکسس کا ایک حصہ گلگت بلتستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اور ضلعی انتظامیہ نے سیل کردیا۔ ای پی اے کے ڈائریکٹر خادم حسین کے مطابق ناقص انتظامات پر ہوٹل کے 30 کمروں کے ایک حصے کو سیل اور 15 لاکھ روپے جرمانہ کردیا گیا۔ ہوٹل نے ماحولیاتی تحفظ کے ضوابط اور سیفٹی سٹینڈرڈز کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عطاآباد جھیل کے کنارے واقع تمام ہوٹلز کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ صفائی، ماحولیاتی تحفظ اور سیفٹی کے اصولوں پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ علاقے کی قدرتی خوبصورتی اور ماحول کو محفوظ رکھا جا سکے۔