کاراکاس میں زور دار دھماکے، طیاروں کی آوازیں، فوجی اڈے کے قریب بلیک آؤٹ

Venezuela's capital Caracas Venezuela's capital Caracas

کاراکاس میں زور دار دھماکے، طیاروں کی آوازیں، فوجی اڈے کے قریب بلیک آؤٹ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں رات گئے زور دار دھماکوں، طیاروں کی غیر معمولی آوازوں اور بجلی کی بندش نے شدید تشویش پیدا کر دی ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ یہ واقعات ایک ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر دباؤ بڑھاتے ہوئے صدر نکولس مادورو کی حکومت کے خلاف ممکنہ امریکی زمینی کارروائیوں کی دھمکیاں دہرائی ہیں۔ رائٹرز کے مطابق، ہفتے کی علی الصبح کاراکاس کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ فضاء میں طیاروں کی گونج بھی سنائی دیتی رہی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہر کے جنوبی حصے میں، جہاں ایک اہم فوجی اڈہ واقع ہے، بجلی مکمل طور پر بند ہو گئی، جبکہ کم از کم ایک مقام پر دھوئیں کا بلند ہوتا ہوا بادل بھی دیکھا گیا۔ تاحال ان واقعات کی سرکاری سطح پر تصدیق یا وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم حالات نے اس خدشے کو جنم دیا ہے کہ امریکہ اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی کسی نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو سکتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل متعدد بار وینزویلا میں زمینی فوجی کارروائیوں کی بات کر چکے ہیں۔ ان کی حکومت نے نکولس مادورو کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کرنے کے لیے سخت اقتصادی پابندیاں عائد کیں، خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں اضافہ کیا، اور بحرالکاہل و بحیرۂ کیریبین میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں دو درجن سے زائد بحری اہداف پر حملے کیے۔ کاراکاس میں پیش آنے والے حالیہ واقعات نے اس خدشے کو تقویت دی ہے کہ آیا امریکہ عملی طور پر اپنی دھمکیوں پر عمل درآمد کی طرف بڑھ رہا ہے یا یہ کسی محدود فوجی سرگرمی یا اندرونی سکیورٹی واقعے کا نتیجہ ہے۔ وینزویلا کی حکومت یا امریکی حکام کی جانب سے باضابطہ ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

Advertisement