میکرون کا صدر پوتن سے جلد براہِ راست رابطے کا عندیہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے واضح کیا ہے کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن سے جلد از جلد بات چیت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ فرانسیسی ٹی وی چینل فرانس 2 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں میکرون کا کہنا تھا کہ تمام معاملات کو قلیل مدت میں منظم کیا جانا چاہیے اور اس حوالے سے سفارتی روابط بحال کیے جا رہے ہیں، جو آنے والے ہفتوں میں عملی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔ صدر میکرون نے زور دیا کہ روسی صدر سے گفتگو “جتنی جلد ممکن ہو” ہونی چاہیے۔ وہ ایک صحافی کے سوال کا جواب دے رہے تھے، جس میں ان کے حالیہ بیان کا حوالہ دیا گیا تھا کہ صدر پوتن سے بات کرنا مفید ثابت ہو سکتا ہے، اور یہ پوچھا گیا تھا کہ اس حوالے سے اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے۔
دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ اگر فرانسیسی صدر بات چیت کے خواہاں ہیں تو روس ہمیشہ مکالمے کے لیے تیار ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اگر فرانس کی جانب سے اعلیٰ سطحی رابطے کے لیے کوئی باضابطہ تجویز موصول ہوئی تو اس سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر روس اور مغربی ممالک کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں اور سفارتی رابطوں کی بحالی کو ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔