اسلام آباد (صدائے روس)
بھارت کی معاہدہ معطلی پر پاکستان کا سخت ردعمل، سفارتی نوٹس دینے کا فیصلہ
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر پاکستان نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے باقاعدہ سفارتی نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ قانونی اور آئینی ماہرین سے تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، جس میں وزارت خارجہ، وزارت آبی وسائل اور وزارت قانون نے مشترکہ طور پر ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کو بھیجے جانے والے نوٹس میں معاہدے کی معطلی کی قانونی بنیاد اور ٹھوس وجوہات طلب کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان عالمی سطح پر بھارت کے اس اقدام کے خلاف آواز بلند کرنے کی تیاری بھی کر رہا ہے۔
عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں احتجاج ریکارڈ کرانے کی حکمت عملی زیر غور ہے، تاکہ بھارت کی آبی جارحیت کو بے نقاب کیا جا سکے اور دنیا کو پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا جا سکے۔ یہ اقدام نہ صرف پاکستان کے قانونی مؤقف کو تقویت دے گا بلکہ اسے اخلاقی جواز بھی فراہم کرے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کو قانونی برتری حاصل ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ بھارت کو جلد ہی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا پڑے گی۔ تمام تر اقدامات حکومت اور کابینہ کی منظوری کے بعد ہی حتمی شکل دیے جائیں گے۔