امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کو قتل کی دھمکی دینے والے شخص پر فردِ جرم عائد
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکہ کی ریاست اوہائیو کے ایک شہری پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کو قتل کی دھمکی دینے کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزم شینن میتھرے کو چھ فروری کو امریکی سیکرٹ سروس نے گرفتار کیا تھا۔ محکمہ انصاف کے بیان کے مطابق ملزم نے نائب صدر کے اوہائیو کے متوقع دورے سے قبل انہیں جان سے مارنے اور جسمانی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی تھیں۔ فردِ جرم میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے نائب صدر کے مقام کا سراغ لگا کر ایم فورٹین رائفل کے ذریعے قتل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش کے مطابق گرفتاری کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم کے قبضے سے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ دھمکی دینے کے الزام میں مجرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزم کو پانچ سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے جرم میں بیس سال تک قید کی سزا متوقع ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی نے کہا ہے کہ نائب صدر کے خلاف دی جانے والی اس گھناؤنی دھمکی کے مقدمے کو پوری سنجیدگی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ امریکہ میں حالیہ برسوں کے دوران سیاسی تشدد اور اشتعال انگیز بیانات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس پر ری پبلکن اور ڈیموکریٹ جماعتیں ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہراتی رہی ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی ایک شخص پر نائب صدر جے ڈی وینس کے سنسناٹی میں واقع گھر میں توڑ پھوڑ کا الزام عائد کیا گیا تھا، جسے نائب صدر نے ایک پاگل شخص کی کارروائی قرار دیا تھا۔