اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

مریم نواز شریف کا بڑا اقدام: ساڑھے 12 لاکھ محنت کش خاندانوں کے لیے راشن کارڈ اسکیم کا اعلان

مریم نواز شریف کا بڑا اقدام: ساڑھے 12 لاکھ محنت کش خاندانوں کے لیے راشن کارڈ اسکیم کا اعلان

لاہور (صدائے روس):

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محنت کش طبقے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ساڑھے 12 لاکھ خاندانوں کو راشن کارڈ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ ورکرز اور کان کنوں کے لیے راشن کارڈ اسکیم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ملک کی سرحدوں پر کشیدگی کے باوجود قوم کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ پاکستان کی بہادر افواج ہر خطرے کا سامنا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان اور اس کی فوج کو وہ جرات عطا کی ہے جس سے دشمن کبھی بھی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ پاکستانی عوام کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ہمیں پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے، اور اس کا کریڈٹ محمد نواز شریف کو جاتا ہے۔ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے کیونکہ یہ شہداء کی قربانیوں اور نواز شریف کی قیادت کی بدولت ممکن ہوا۔

راشن کارڈ اسکیم کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابتدائی طور پر 50 ارب روپے سالانہ کی لاگت سے یہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ اس کارڈ کے ذریعے محنت کشوں کو ہر ماہ تین ہزار روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا: ’’میری خواہش اور دعا ہے کہ کسی غریب مزدور کا بچہ خالی پیٹ نہ سوئے۔ یہ راشن کارڈ ان لوگوں کے لیے ہیں جو بھیک نہیں مانگتے بلکہ 15 سے 16 گھنٹے محنت کرتے ہیں۔ مریم نواز نے لیبر منسٹر فیصل کھوکھر اور وزیر معدنیات شیر علی گورچانی کو 40 ہزار کارکنوں میں راشن کارڈ تقسیم کرنے پر شاباش دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کم از کم اجرت 37 ہزار روپے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور محنت کشوں کو حکومت کی جانب سے باعزت مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ: ’’حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو قطاروں میں نہ لگایا جائے بلکہ خود ان کے گھروں پر امداد پہنچائی جائے۔ رمضان المبارک میں 30 ہزار خاندانوں کو گھروں میں راشن فراہم کیا گیا اور 10 ہزار روپے کے چیکس بھی گھروں میں پہنچائے گئے۔‘‘

مزید گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں ترقی کا سوچا، موٹروے، میڈیکل سٹی، کینسر ہسپتال، اورنج لائن، اور میٹرو بس جیسے منصوبے انہی کی سوچ کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک سال میں 30 ہزار گھر تعمیر ہو چکے ہیں اور رواں سال ایک لاکھ گھروں کا ہدف پورا کیا جائے گا۔

پنجاب میں 100 کلومیٹر طویل سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، اور “ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت گھروں سے کچرا اٹھایا جا رہا ہے۔ لاہور میں الیکٹرک بسیں چلائی جا چکی ہیں اور جلد ہی پورے پنجاب میں یہ سروس شروع کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جھوٹے پراپیگنڈے کو مسترد کرتی ہے کہ کسان نقصان میں ہیں۔ 12 ایکڑ سے کم زمین کے مالک کسانوں کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ دیے جائیں گے۔ گندم کی قیمت اگر 4 ہزار مقرر کی گئی تو 15 کروڑ عوام کے لیے آٹا مہنگا ہو جائے گا، اس لیے حکومت نے توازن برقرار رکھا ہے۔

آخر میں وزیراعلیٰ نے کہا: ’’یہ وہ پنجاب ہے جہاں حکومت خود عوام کے دروازے پر جاتی ہے، اور جب تک ہر گھر میں خوشحالی نہیں آتی، میں چین سے نہیں بیٹھوں گی۔‘‘

Share it :