تھائی لینڈ میں ایک شخص اپنی ہی تدفین کے بعد زندہ سلامت گھر واپس پہنچ گیا

Dead Dead

تھائی لینڈ میں ایک شخص اپنی ہی تدفین کے بعد زندہ سلامت گھر واپس پہنچ گیا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کے صوبہ چیانگ رائے میں ایک انتہائی حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں اڑتالیس سالہ شخص اپنی ہی تدفین کے بعد زندہ حالت میں گھر واپس پہنچ گیا۔ یہ واقعہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب مذکورہ شخص رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد اپنے گھر لوٹا اور اسے معلوم ہوا کہ جنوری کے آغاز میں اسے مردہ سمجھ کر دفنایا جا چکا ہے۔ اس حوالے سے تھائی اخبار کھاؤسوڈ نے 25 جنوری کو رپورٹ شائع کی۔ رپورٹ کے مطابق جنازہ مکمل ہونے کے فوراً بعد اہلِ خانہ اس وقت شدید صدمے میں مبتلا ہو گئے جب وہی شخص اچانک ان کے سامنے زندہ نمودار ہو گیا۔ اہلِ خانہ نے ہوش میں آتے ہی ریسکیو حکام سے رابطہ کیا، جنہوں نے قبر کشائی کا عمل شروع کیا تاکہ دفن شدہ لاش کی شناخت کے بعد اسے اصل ورثا کے حوالے کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ماہرین یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایسی سنگین غلطی کس وجہ سے پیش آئی اور تدفین سے قبل شناخت کے عمل میں کہاں کوتاہی ہوئی۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ تاحال اس غلطی کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 8 جنوری کو ایسوسی ایٹڈ پریس نے امریکہ میں ایک شخص کی گرفتاری کی خبر دی تھی، جس پر قبرستانوں سے انسانی باقیات چرانے کا الزام تھا۔ پولیس کے مطابق ایک ویران قبرستان کے قریب کھڑی گاڑی سے ہڈیاں اور کھوپڑیاں برآمد ہوئیں، جن شواہد کی بنیاد پر ملزم کو گرفتار کیا گیا۔