پنجاب کے دریاؤں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ
اسلام آباد (صداۓ روس)
ترجمان پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کے مطابق 27 اگست تک بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں اور ندی نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں فلیش فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ خاص طور پر دریائے چناب اور جہلم میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اس وقت اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 26 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 90 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 82 ہزار کیوسک ہے۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تونسہ، کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔راوی کے مختلف مقامات پر بھی پانی کی سطح بلند ہے: جسڑ 49 ہزار کیوسک، شاہدرہ 14 ہزار، بلوکی 41 ہزار اور ہیڈ سدنائی 36 ہزار کیوسک۔نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق حکومت پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں تمام بنیادی سہولیات، خوراک اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب سیروتفریح سے گریز کریں، بچوں کو پانی میں نہانے سے روکیں۔