مرسڈیز بینز نے فلیگ شپ ایس کلاس سیڈان کا نیا ماڈل متعارف کرا دیا

Mercedes-Benzes Mercedes-Benzes

مرسڈیز بینز نے فلیگ شپ ایس کلاس سیڈان کا نیا ماڈل متعارف کرا دیا

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
مرسڈیز بینز نے اپنی فلیگ شپ ایس کلاس سیڈان کو نئے ڈیزائن اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ پیش کر دیا ہے۔ نئی ایس کلاس کو ڈبلیو ٹو ٹو تھری باڈی اسٹائل میں متعارف کرایا گیا، جس کی رونمائی جرمنی کے شہر اشٹٹگارٹ میں آٹوموبائل کی ایجاد کی ایک سو چالیسویں سالگرہ کے موقع پر کی گئی۔ کمپنی کے مطابق نئی ایس کلاس میں پچاس فیصد سے زائد پرزہ جات کو یا تو مکمل طور پر تبدیل کیا گیا ہے یا جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا گیا ہے، جبکہ یورپ اور امریکا میں اس ماڈل کی فروخت دو ہزار چھبیس کی دوسری ششماہی میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ نئی مرسڈیز بینز ایس کلاس کی سب سے نمایاں تبدیلی اس کے اگلے حصے میں دیکھنے کو ملتی ہے، جہاں پہلی مرتبہ گاڑی کے بونٹ پر موجود تین نوکیلا ستارہ روشن کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریڈی ایٹر گرِل کو بیس فیصد بڑا کر دیا گیا ہے، جس پر متعدد چھوٹے ستارے نمایاں ہیں۔ ہیڈ لائٹس کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے جو پہلے کے مقابلے میں چالیس فیصد زیادہ طاقتور ہیں اور ان کی روشنی کی حد چھ سو میٹر تک بڑھا دی گئی ہے۔

گاڑی کے اندرونی حصے میں تین اسکرینز پر مشتمل جدید ڈیش بورڈ دیا گیا ہے، جس میں اسپیڈومیٹر کو علیحدہ یونٹ کے طور پر نصب کیا گیا ہے۔ انفوٹینمنٹ سسٹم گوگل میپس پر مبنی نیویگیشن اور مصنوعی ذہانت سے لیس وائس اسسٹنٹ سے آراستہ ہے۔ نئی ایس کلاس میں کچھ منفرد سہولیات بھی شامل کی گئی ہیں جن میں سیٹ بیلٹس کو گرم کرنے کی سہولت اور خودکار ایئر وینٹس شامل ہیں۔ شائقین کے لیے انتیس اسپیکرز پر مشتمل فور ڈی سراؤنڈ ساؤنڈ آڈیو سسٹم بطور آپشن دستیاب ہوگا۔ انجن کے حوالے سے مرسڈیز بینز نے متعدد آپشنز پیش کیے ہیں، جن میں چار لیٹر وی ایٹ انجن شامل ہے جو پانچ سو سینتیس ہارس پاور اور سات سو پچاس نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ تین لیٹر ان لائن سکس انجن اور پلگ اِن ہائبرڈ ورژنز بھی دستیاب ہوں گے، جنہیں فور میٹک آل وہیل ڈرائیو سسٹم کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ پانچ سو پچاسی ہارس پاور کا ہائبرڈ ماڈل صفر سے سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار صرف چار اعشاریہ چار سیکنڈ میں حاصل کر سکتا ہے اور خالص برقی موڈ میں تقریباً سو کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ چھ لیٹر وی ٹوئلو انجن کو بھی برقرار رکھا جائے گا، تاہم یہ صرف بکتر بند ایس کلاس اور مے باخ ماڈلز تک محدود ہوگا۔ نئی ایس کلاس میں ای ایکٹو باڈی کنٹرول اور ایرمیٹک اسمارٹ ایئر سسپنشن بھی شامل ہے، جو کلاؤڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے سڑک پر موجود اسپیڈ بریکرز کا ڈیٹا محفوظ کر کے دیگر گاڑیوں کے ساتھ شیئر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

Advertisement