حکومت کا حاجیوں کو ایک لاکھ پچاس ہزار روپے واپس کرنے کا اعلان

وزارت مذہبی امور نے 31 اگست تک حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حج آپریشن 2022 کی تکمیل کے بعد گزشتہ روز وزیر مذہبی امورمفتی عبدالشکور نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 31 اگست تک حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ واپس ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امورسبسڈی کی مد میں ڈیڑھ لاکھ روپے فی حاجی کے حساب سے رقم کی ادائیگی 17 اگست سے 31 اگست تک مکمل کرے گی۔

Advertisement

مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ حجاج اپنی اصل شناختی دستاویزات دکھا کر یہ رقوم اپنے متعلقہ بینکوں سے لے سکتے ہیں اور جن حاجیوں کے اکاؤنٹس ہیں ان کو ان کی رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائے گی۔

وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ5 ارب 10 کروڑ 73 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم سرکاری اسکیم کے تمام 34049 حاجیوں کو ادا کی جائے گی 34 ہزار 49سرکاری حجاج کو رقوم کی واپسی کی اطلاع بذریعہ موبائل SMS کی جائے گی جس کے لیے سرکاری حجاج مقررہ وقت کے اندر اپنے متعلقہ بینک سے رابطہ کریں۔