اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

روس میں گھریلو خواتین کو ماہانہ وظیفہ دینے کی تجویز

Russian Housewife

روس میں گھریلو خواتین کو ماہانہ وظیفہ دینے کی تجویز

ماسکو (صداۓ روس)
روسی پارلیمان (اسٹیٹ ڈوما) میں ایک انقلابی مسودۂ قانون پیش کیا گیا ہے جس کے تحت گھر میں رہ کر کام کرنے والی خواتین (اور بعض شرائط کے تحت مردوں) کو ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد گھریلو محنت کو باقاعدہ تسلیم کرنا اور کم آمدنی والے گھرانوں کی مالی حالت بہتر بنانا ہے۔ یہ تجویز دائیں بازو کی جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی آف رشیا کے اراکین نے پیر کے روز پیش کی۔ پیش کردہ بل کے مطابق، وہ افراد جو کسی باقاعدہ ملازمت میں نہیں ہیں مگر بچوں، معذور افراد یا بیمار رشتہ داروں کی دیکھ بھال جیسے گھریلو فرائض انجام دے رہے ہیں، انہیں ان کے علاقائی “سبسسٹنس لیول” (یعنی کم از کم گزر بسر کے اخراجات) کے برابر ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ سال 2025 کے لیے روس میں یہ حد 17,733 روبل (تقریباً 197 امریکی ڈالر) مقرر کی گئی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔

یہ مالی امداد ان افراد کو فراہم کی جائے گی جو جسمانی طور پر تندرست ہونے کے باوجود گھریلو ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، بشرطیکہ ان کے خاندان کی مجموعی آمدنی، مقررہ علاقائی سبسسٹنس لیول سے دو گنا سے زیادہ نہ ہو۔ علاوہ ازیں، یہ ادائیگیاں ابتدائی طور پر چھ ماہ کے لیے ہوں گی، جنہیں بعد ازاں درخواست کی بنیاد پر توسیع دی جا سکے گی۔ تجویز کے محرک، رکن پارلیمان یاریسلاف نیلوف کے مطابق، کھانا پکانا، صفائی، کپڑوں کی دیکھ بھال، بچوں کی پرورش، بیمار یا معذور افراد کی تیمارداری — یہ سب مکمل وقت لینے والے کام ہیں، جنہیں اب تک معاشرتی یا قانونی سطح پر وہ حیثیت نہیں دی گئی جس کے یہ مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف گھر کی سطح پر خواتین (یا ایسے مردوں) کو خودمختاری دے گا بلکہ ملک میں جاری آبادیاتی بحران سے نمٹنے اور کم آمدنی والے طبقے کو سہارا دینے میں بھی مددگار ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ “یہ مکمل وقت کا کام ہے جس کی سماج میں زبردست اہمیت ہے، اس لیے اس کا باضابطہ اعتراف ضروری ہے۔”

تاہم، یہ سہولت ان افراد کو میسر نہیں ہوگی جو حال ہی میں روسی شہریت حاصل کر چکے ہوں اور پانچ سال مکمل نہ کیے ہوں، یا خود کو بطور “سیلف ایمپلائڈ” رجسٹر کروا چکے ہوں۔ تجویز کا مقصد یہ ہے کہ وہ افراد جو معاشی مجبوری یا خاندانی ضرورتوں کے باعث کام کے لیے گھر سے باہر نہیں جا سکتے، انہیں حکومتی سطح پر مدد فراہم کی جائے تاکہ وہ سماجی اور مالی دونوں لحاظ سے مستحکم ہو سکیں۔ یہ بل اگر منظوری حاصل کر لیتا ہے تو روس اُن چند ممالک میں شامل ہو جائے گا جہاں گھریلو خواتین کی محنت کو نہ صرف تسلیم کیا گیا ہے بلکہ اس پر معاوضہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام روسی معاشرے میں خواتین کے کردار کو نئی شناخت دینے اور انہیں بااختیار بنانے کی جانب ایک غیر معمولی پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

Share it :