ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کے صوبے کو پڑوسی ملک کی بجائے پڑوسی صوبوں سے زیادہ سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں۔ لاہور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کو درپیش خطرات کا ذریعہ ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں خود پاکستان کے دوسرے صوبے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پنجاب میں اس کی صوبائی سرحدوں، خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے داخل ہو رہی ہے۔ انہوں نے ٹرائی بارڈر ایریا اور دوسرے صوبوں سے لگنے والی سرحدوں کو خاص طور پر خطرناک قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کو ٹیکنالوجی سے لیس صوبہ بنانے پر اربوں روپے خرچ کرنے کا ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے جرائم کی شرح میں 70 فیصد تک کمی لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائی بارڈر ایریا میں جوائنٹ چیک پوسٹس کو تھرمل امیجنگ اور جدید کیمروں سے مضبوط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب تمام سرحدی سمتوں سے سیکیورٹی خطرات کا سامنا کر رہا ہے تاہم صوبہ الحمدللہ محفوظ ہے۔