اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

ماسکو کروکس سٹی ہال حملہ یوکرین کے مفاد میں کیا گیا, روسی تحقیقاتی ادارہ

Crocus City Hall in the Moscow

ماسکو کروکس سٹی ہال حملہ یوکرین کے مفاد میں کیا گیا, روسی تحقیقاتی ادارہ

ماسکو (صداۓ روس)
روسی تحقیقاتی کمیٹی (اسلیڈکوم) نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو کے نواح میں واقع “کروکس سٹی ہال” پر مارچ 2024 میں ہونے والا دہشت گرد حملہ، جس میں 150 افراد جاں بحق ہوئے تھے، یوکرینی قیادت کے مفاد میں اور روس کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ یہ بیان پیر کے روز اس مقدمے کی تحقیقاتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سامنے آیا۔ یاد رہے کہ 22 مارچ 2024 کو چار حملہ آوروں نے کنسرٹ ہال میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی اور بعد ازاں عمارت کو آگ لگا دی۔ اس خونی حملے میں 149 افراد ہلاک اور 609 زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔ حملے کے بعد چاروں حملہ آور فرار کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کر لیے گئے، جب کہ کل 19 افراد کو اس واقعے میں ملوث قرار دے کر گرفتار کیا گیا ہے۔ تمام ملزمان کا تعلق تاجک نسل سے ہے اور چار مرکزی حملہ آور تاجکستان کے شہری ہیں۔

اگرچہ شدت پسند تنظیم داعش کے خراسان ونگ (آئی ایس آئی ایس-کے) نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، لیکن روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اس وقت خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اس میں یوکرین کا بھی کردار ہو سکتا ہے، جس کی کییف حکومت نے سختی سے تردید کی تھی۔ تحقیقات کے مطابق، حملے کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد یوکرین کی قیادت کے مفاد میں کی گئی تاکہ روس میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جا سکے۔ ترجمان سویتلانا پترینکو نے بتایا کہ کچھ حملہ آوروں کو بیرون ملک تربیت بھی دی گئی تھی، اور انہوں نے روسی ریاست داغستان کے شہر کاسپیسک میں ایک اور تفریحی مرکز پر حملے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔ یہ بھی واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں روس میں انتہا پسند حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں جون 2024 کا داغستان میں یہودی عبادت گاہوں اور عیسائی گرجا گھروں پر حملہ بھی شامل ہے، جس میں 27 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Share it :