روسی کار ساز کمپنی موسکویچ کا ہائبرڈ گاڑیوں کی تیاری شروع کرنے کا اعلان
ماسکو (صداۓ روس)
روس کی معروف کار ساز کمپنی موسکویچ نے مستقبل میں ہائبرڈ گاڑیوں کی اسمبلنگ شروع کرنے کے منصوبوں کی تصدیق کر دی ہے۔ کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلینا فرولووا نے روسی اخبار ازویستیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ موسکویچ کی پیداواری لائن میں آئندہ ہائبرڈ ماڈلز شامل کیے جائیں گے۔ ایلینا فرولووا کے مطابق کمپنی کی حکمت عملی کے تحت نئی توانائی پر چلنے والی گاڑیوں کی ترقی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موسکویچ کے پلانٹ میں اس وقت ایٹم اور یو ایم او الیکٹرک گاڑیوں کی اسمبلنگ بھی کی جا رہی ہے، اس لیے ہائبرڈ گاڑیوں کی تیاری اسی حکمت عملی کا تسلسل ہے جس کے تحت کمپنی نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے شعبے کو وسعت دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی نے ابھی تک ہائبرڈ گاڑیوں کے باقاعدہ اجراء کے حوالے سے مکمل حکمت عملی طے نہیں کی، تاہم آئندہ ایک سال کے اندر اس بارے میں حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف کمپنیوں کے درمیان جاری تعاون پر انہیں فخر ہے اور اس پیچیدہ منصوبے میں مشترکہ کوششیں بہترین نتائج دے سکتی ہیں۔
ایلینا فرولووا نے کہا کہ موسکویچ اپنی شراکت دار کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایسی حکمت عملی تشکیل دینا چاہتی ہے جو ہائبرڈ گاڑیوں کو موسکویچ کی اسمبلی لائن کا باقاعدہ حصہ بنانے میں مدد دے۔ ان کے مطابق آئندہ ایک سال کے دوران اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2 مارچ کو موسکویچ نے اپنی نئی ایم سیریز کراس اوور گاڑیوں کے ماڈلز اور قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔ موسکویچ ایم70 کی ابتدائی قیمت 26 لاکھ 89 ہزار روبل مقرر کی گئی ہے جبکہ موسکویچ ایم90 کی ابتدائی قیمت 38 لاکھ 55 ہزار روبل بتائی گئی ہے۔ ان گاڑیوں میں “وارم آپشنز” پیکج بھی شامل ہے جس کے تحت اگلی اور پچھلی نشستوں، اسٹیئرنگ وہیل، ونڈ اسکرین اور واشر نوزلز کو گرم رکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔