موٹرسائیکل سوار ریچھ حملے میں ہلاک، موت سے پہلے ریچھ کے ساتھ سیلفی وائرل
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
رومانیہ کے کارپیتھین پہاڑوں میں ایک المناک واقعے میں موٹر سائیکل پر سیر کے لیے آئے ہوئے سیاح کو ریچھ نے چیر پھاڑ کر ہلاک کر دیا۔ مقامی ہنگامی امدادی حکام نے واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ واقعہ جمعرات کو وسطی ضلع “ارجیش” میں مشہور تفریحی سڑک “ٹرانسفاگرشان” پر پیش آیا، جہاں سیاحوں نے حملے کی اطلاع حکام کو دی۔ اطلاعات کے مطابق ریچھ نے موٹر سائیکل سوار کو گھسیٹ کر ایک گہری کھائی میں پھینک دیا۔ حیران کن طور پر ہلاک ہونے والے سیاح نے حملے سے کچھ دیر قبل ایک ریچھ کے ساتھ سیلفی بھی پوسٹ کی تھی۔ یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور عوامی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ ماحولیاتی وزارت کے مطابق رومانیہ میں گزشتہ دو دہائیوں میں ریچھوں کے حملوں میں تقریباً ۳۰ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ حالیہ ڈی این اے مطالعات کے مطابق رومانیہ میں یورپی یونین کی سب سے بڑی براؤن ریچھ کی آبادی موجود ہے، جو کہ اندازاً ۱۰ ہزار سے ۱۳ ہزار کے درمیان ہے۔
ریچھوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کے شہروں میں خوراک کی تلاش کے لیے داخل ہونے کے رجحان کے باعث رومانیہ کی پارلیمان نے ۲۰۲۴ میں شکار کا سالانہ کوٹہ دوگنا کر کے ۴۸۱ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک ۱۹ سالہ کوہ پیما لڑکی کی ہلاکت کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا، جسے کارپیتھین پہاڑوں میں ایک مقبول راستے پر ریچھ نے حملہ کر کے مار دیا تھا۔ لڑکی نے حملے کے دوران ہی ایمرجنسی سروس کو کال کی تھی، جب کہ اس کے دوست نے ریسکیو ٹیموں کو بتایا کہ وہ دونوں ریچھ کے تعاقب میں تھے۔ ریچھوں کی عام دستیابی اور انسانوں پر حملوں کی خبریں رومانیہ کے مقامی میڈیا میں تواتر سے سامنے آتی رہتی ہیں۔ عوامی تحفظ کے پیش نظر حکومت پر دباؤ ہے کہ وہ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مزید سخت اقدامات کرے۔