روس میں بڑے پیمانے پر قتل و غارت کے متعدد منصوبے ناکام، ایف ایس بی

Russian FSB Russian FSB

روس میں بڑے پیمانے پر قتل و غارت کے متعدد منصوبے ناکام، ایف ایس بی

روس کی فیڈرل سکیورٹی سروس (ایف ایس بی) نے اعلان کیا ہے کہ مختلف خطوں میں بڑے پیمانے پر قتل و غارت کے منصوبے ناکام بنا دیے گئے اور اس سلسلے میں پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان منصوبہ بند حملوں کا نشانہ دونیسک، ماریوپول، کراسنویارسک اور اوریول کے علاقے تھے۔ ایف ایس بی کے مطابق ملزمان تمام روسی شہری ہیں اور انہیں ’’تباہ کن انٹرنیٹ ذرائع‘‘ کے ذریعے ہدایات مل رہی تھیں۔ علاوہ ازیں، چیلیابنسک ریجن سے تین کم عمر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن پر مقامی ٹرانسپورٹ نظام پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔ ایجنسی کے مطابق یہ نوجوان بھی میسجنگ ایپس کے ذریعے ہدایات وصول کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے گھریلو ساختہ بم بنانے کے پرزے، آتش گیر مواد، تیز دھار ہتھیار، حملے کے نقشے، نازی علامات اور یوکرینی دہشت گرد ڈھانچوں سے متعلق پراپیگنڈہ مواد برآمد ہوا۔ ایف ایس بی نے گرفتاریوں اور برآمد شواہد کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ اس بڑی کارروائی میں وزارتِ داخلہ، تفتیشی کمیٹی اور نیشنل گارڈ نے بھی حصہ لیا۔ مجموعی طور پر یہ مہم 75 خطوں میں پھیلائے گئے ’’تشدد، قتلِ عام اور خودکشی‘‘ کے نظریات کو روکنے کے لیے شروع کی گئی تھی۔

ایف ایس بی کے مطابق اس آپریشن کے دوران ٹیلیگرام کے 59 چینلوں اور چیٹس کے منتظمین کی سرگرمیاں بند کر دی گئیں جو مبینہ طور پر ’’نیو نازی اور دہشت گردانہ نظریات‘‘ پھیلا رہے تھے اور ان کے غیر ملکی سرپرستوں کے ساتھ روابط بھی پائے گئے۔ ایجنسی نے بتایا کہ مجموعی طور پر نو افراد کے خلاف دہشت گردانہ حملے کی تیاری، دہشت گرد تنظیم میں شمولیت، غیر قانونی دھماکہ خیز مواد رکھنے اور عوامی سطح پر دہشت گردی یا انتہا پسندی کی ترغیب دینے جیسے الزامات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ 258 ایسے افراد کے خلاف بھی ’’احتیاطی اقدامات‘‘ کیے گئے ہیں جو آن لائن انتہا پسند منتظمین سے متاثر ہو چکے تھے، تاہم ان اقدامات کی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی۔ ایف ایس بی کے مطابق یوکرین تنازع میں شدت آنے کے بعد سے ایسے منصوبے اور تخریبی کارروائیوں کے متعدد منصوبے ناکام بنائے جا چکے ہیں جن میں اکثر کا تعلق یوکرینی خفیہ اداروں سے جوڑا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی ایجنسی نے لگانسک عوامی جمہوریہ میں روسی نیشنل گارڈ کے ایک اعلیٰ افسر پر کار بم حملے کی یوکرینی منصوبہ بندی ناکام بنانے کا اعلان کیا تھا۔

Advertisement

ایف ایس بی نے خبردار کیا ہے کہ کیف حکومت سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس کے ذریعے افراد کو بھرتی کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور جو کوئی بھی ان کی معاونت کرے گا اسے سخت قانونی کارروائی اور سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔