امریکہ: پنسلوانیا میں فائرنگ کے واقعے میں تین پولیس اہلکار ہلاک
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی ریاست پنسلوانیا کے ضلع یارک میں بدھ کے روز ایک مسلح تصادم میں تین پولیس اہلکار ہلاک اور دو شدید زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس افسران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کے لیے وارنٹ پر کارروائی کر رہے تھے۔ مشتبہ حملہ آور بھی فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکار ملزم کو اُس وقت گرفتار کرنے پہنچے جب اس پر سٹاکنگ اور غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ یہ واقعہ اسپرنگ گرو کے زرعی علاقے میں ہار اور ایمگ روڈز کے قریب پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق کم از کم 30 فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں جبکہ مقامی نیوز چینل ڈبلیو جی اے ایل کو ایک ہمسائے نے بتایا کہ اس نے فارم ہاؤس کے قریب دو پولیس اہلکاروں کو زمین پر گرا ہوا دیکھا۔
پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا یہ یارک کاؤنٹی اور پورے ریاست کے لیے نہایت افسوسناک اور تباہ کن دن ہے۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے تصدیق کی کہ وفاقی ایجنٹس بھی موقع پر پہنچ کر مقامی حکام کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں۔