جنوری میں مری کا موسم پنجاب کے میدانی علاقوں سے زیادہ گرم

Fog Fog

جنوری میں مری کا موسم پنجاب کے میدانی علاقوں سے زیادہ گرم

اسلام آباد (صداۓ روس)
جنوری کے شدید سرد موسم کے دوران ایک حیران کن صورتحال سامنے آئی ہے، جہاں اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر میدانی علاقوں میں مری کے مقابلے میں زیادہ سردی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ آج صبح اسلام آباد میں کم از کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مری کے بلند ترین مقام کشمیر پوائنٹ پر درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسی طرح راولاکوٹ میں بھی مری سے زیادہ سردی پڑ رہی ہے، حالانکہ مری سطح سمندر سے تقریباً 7500 فٹ جبکہ راولاکوٹ 5300 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔ آج صبح راولاکوٹ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق اس غیر معمولی موسمی فرق کی ایک بڑی وجہ کٹابیٹک ہوائیں ہیں۔ یہ انتہائی ٹھنڈی ہوائیں کششِ ثقل کے زیرِ اثر پہاڑوں کی بلندی سے نشیبی علاقوں کی طرف بہتی ہیں۔ یہ ہوائیں عموماً سردیوں کی راتوں میں اس وقت چلتی ہیں جب زمین کی سطح تیزی سے ٹھنڈی ہو جاتی ہے۔ اس عمل کے دوران ٹھنڈی اور گھنی ہوا وزن میں بھاری ہونے کی وجہ سے وادیوں میں اتر جاتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں شدید سردی پڑتی ہے، جبکہ پہاڑوں کی چوٹیوں پر نسبتاً زیادہ درجہ حرارت محسوس ہوتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ مری، نتھیاگلی اور پیر چناسی جیسے بلند مقامات کے اردگرد واقع وادیوں، جن میں اسلام آباد، ایبٹ آباد اور مظفرآباد شامل ہیں، میں کم سے کم درجہ حرارت اکثر نقطہ انجماد سے نیچے گر جاتا ہے اور کورا پڑنے لگتا ہے، جبکہ پہاڑی چوٹیوں پر موسم نسبتاً معتدل رہتا ہے۔ ماہرین کے مطابق برفباری کے دوران یہ ہوائیں عارضی طور پر رک جاتی ہیں، تاہم برفباری ختم ہوتے ہی دوبارہ چلنا شروع ہو جاتی ہیں اور یہ عمل صرف موسمِ سرما تک محدود رہتا ہے۔

Advertisement

ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ مری کے موسم میں تبدیلی کی دوسری بڑی وجہ درختوں کی بے دریغ کٹائی اور کنکریٹ کی بے ہنگم تعمیرات ہیں۔ ان عوامل کے باعث مری کا موسم ماضی کی نسبت نمایاں طور پر تبدیل ہو چکا ہے اور گزشتہ 30 برسوں کے دوران یہاں اوسطاً 2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے، جو ایک بڑی موسمیاتی تبدیلی تصور کی جاتی ہے۔