نیٹو کا مشرقی یورپ میں توسیع روکنے پر غور, امریکی ایلچی کا انکشاف

keith kellogg keith kellogg

نیٹو کا مشرقی یورپ میں توسیع روکنے پر غور, امریکی ایلچی کا انکشاف

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی خصوصی ایلچی برائے یوکرین کیتھ کیلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ نیٹو آئندہ مشرقی یورپی ممالک کو اپنی صفوں میں شامل کرنے سے باز رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ یہ روس کے لیے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ ایک امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کیلاغ نے کہا یہ ان معاملات میں سے ایک ہے جنہیں روس اجاگر کرتا ہے۔ وہ صرف یوکرین کی بات نہیں کر رہے، بلکہ جارجیا اور مالدووا جیسے دیگر ممالک کا بھی ذکر کرتے ہیں۔ ہم نے واضح کر دیا ہے کہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت ہمارے ایجنڈے پر نہیں، اور ہم اس موقف میں تنہا نہیں۔ نیٹو کے کم از کم چار مزید رکن ممالک بھی یہی کہتے ہیں۔ نیٹو میں شمولیت کے لیے ۳۲ میں سے ۳۲ اراکین کی منظوری درکار ہوتی ہے۔

کیتھ کیلاغ نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا کہ امریکہ اور روس کے درمیان مذاکرات کے دوران اس نوعیت کا کوئی معاہدہ طے پا سکتا ہے۔ ایسی صورت میں یہ تجاویز سفارتی سطح پر تیار کر کے امریکی صدر کو پیش کی جائیں گی اور پھر دیگر نیٹو رکن ممالک کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ روس کی یہ تشویش کہ نیٹو مشرق کی جانب پھیل رہا ہے، درست اور قابل فہم ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر یقین دہانی کرائی کہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت فی الحال زیر غور نہیں۔

Advertisement

یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب روس اور نیٹو کے تعلقات میں کشیدگی عروج پر ہے اور یوکرین جنگ کے تناظر میں نیٹو کی توسیع پر روس مسلسل تنقید کرتا رہا ہے۔ یہ امکان کہ نیٹو اپنی مشرقی توسیع روک دے، مستقبل کے جغرافیائی اور سفارتی منظرنامے پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔