رواں برس پاکستان میں ’سخت سردی‘ کی خبریں بے بنیاد قرار
کراچی (صداۓ روس)
محکمہ موسمیات پاکستان نے رواں سال ملک بھر میں غیر معمولی سخت سردی کی گردش کرتی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے دعووں کی کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں۔ محکمے کے مطابق دسمبر سے فروری کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے قدرے کم رہنے کا امکان ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ مغربی ہواؤں کے گزرنے سے بعض علاقوں میں سردی کی وقتی لہریں ضرور آسکتی ہیں، تاہم پورے ملک میں “انتہائی سرد” یا “ریکارڈ توڑ” موسمِ سرما کے امکانات کو سائنسی شہادت حاصل نہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات یا سوشل میڈیا پر گردش کرتی پیش گوئیوں پر یقین نہ کریں، اور درست و تازہ موسمی معلومات کے لیے صرف محکمہ موسمیات کے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔