پیک آورز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، گردش کرنے والی خبریں جعلی قرار
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاور ڈویژن کے ترجمان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے پیک آورز میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر گردش کرنے والی یہ اطلاعات کہ مارننگ آورز کو پیک آورز میں شامل کر لیا گیا ہے، سراسر جھوٹ پر مبنی اور گمراہ کن ہیں۔ ترجمان کے مطابق عوام کو ایسی غیر مصدقہ اور جعلی خبروں پر یقین نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ پیک آورز کا دورانیہ وہی ہے جو پہلے مقرر تھا، اور اس میں کسی قسم کی کوئی رد و بدل نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی افواہیں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں اور اس طرح کی جھوٹی معلومات فراہم کرنا قابلِ گرفت جرم ہے۔ پاور ڈویژن نے واضح کیا کہ اس معاملے پر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے تاکہ اس قسم کی گمراہ کن مہم کا سدباب کیا جا سکے۔