صدر پوتن اور زیلنسکی کی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں، لاوروف
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے وزیرِ خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ملاقات کا فی الحال کوئی منصوبہ موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب اس ملاقات کے لیے کوئی واضح ایجنڈا تیار ہوگا، تب صدر پوتن زیلنسکی سے ملنے کے لیے تیار ہوں گے۔ امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں لاوروف نے کہا کہ “ابھی کسی ملاقات کی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، اور ایجنڈا مکمل طور پر تیار نہیں ہے۔” واضح رہے کہ 15 اگست کو الاسکا میں صدر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کے بعد، 18 اگست کو ٹرمپ نے زیلنسکی سمیت متعدد یورپی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس اجلاس میں فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، برطانوی وزیرِ اعظم کئیر سٹارمر، جرمن چانسلر فریڈرک مرز، اٹلی کی وزیرِ اعظم جورجیا میلونی، یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا فان ڈیر لیئن اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے شریک تھے۔
اجلاس کے دوران ٹرمپ نے پوتن سے براہِ راست ٹیلی فونک رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ممکنہ پوتن-زیلنسکی ملاقات پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف کے مطابق، روس اور امریکہ دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ماسکو اور کیف کے درمیان براہِ راست بات چیت جاری رکھی جائے اور مستقبل میں ان مذاکرات کو اعلیٰ سطح پر لے جایا جائے۔