شمالی کوریائی فوجیوں نے کورسک ریجن کی مہم میں حصہ لیا، روسی سفارتکار
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا کے فوجیوں نے کورسک ریجن کو آزاد کرانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔ یہ شمولیت جون 2024 میں دستخط ہونے والے جامع اسٹریٹجک شراکت داری معاہدے کی شق نمبر 4 کے تحت عمل میں آئی۔ زاخارووا نے روسی اخبار کے پی کو انٹرویو میں کہا شمالی کوریا کے فوجیوں نے جون 2024 میں دستخط شدہ معاہدے کی شق نمبر 4 کے مطابق کورسک سرحدی علاقے کی آزادی میں حصہ لیا۔ ہمارے شمالی کوریائی دوستوں کی طرف سے دکھائی جانے والی یکجہتی ہمارے تعلقات کی اعلیٰ، حقیقی اتحادی سطح کا مظہر ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں ہمارے تعلقات مزید مضبوط اور ترقی کریں گے۔
واضح رہے کہ 6 اگست 2024 کو یوکرینی فورسز نے کورسک ریجن پر بڑا حملہ کیا تھا، جس کے بعد علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے میں 264 دن لگے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دشمن کی مکمل شکست کے بعد کہا کہ کورسک سرحدی علاقے میں کامیابی روسی افواج کو دیگر اہم محاذوں پر بھی کامیاب کارروائیوں کے لیے سازگار حالات فراہم کرے گی اور “نیو نازی حکومت” کی شکست کو قریب لے آئے گی۔ صدر پوتن نے کورسک ریجن کی آزادی میں حصہ لینے والے فوجی یونٹس کو مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔