ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جاپان نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی میزائل ٹیکنالوجی بہتر ہو رہی ہے. اطلاعات کے مطابق جاپان کے وزیر دفاع کِشی نوبُواو نے کہا ہے کہ شمالی کوریا اپنی میزائل ٹیکنالوجی کو تیزی کے ساتھ بہتر بنا رہا ہے۔ وہ پیانگ یانگ کی جانب سے حالیہ ہفتوں میں متعدد بار میزائل تجربات کا حوالہ دے رہے تھے۔
کِشی نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں شمالی کوریا کی جانب سے چار بار میزائل داغنا تجربے کی انتہائی بلند شرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیانگ یانگ نے متعدد مرتبہ یہ اظہار کیا ہے کہ وہ گزشتہ سال جنوری میں اعلان کردہ ہتھیاروں کے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کے مطابق میزائلوں کو تجرباتی طور پر فائر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
شمالی کوریا نے 10 دن کے اندر ایک اور میزائل کا تجربہ کرڈالا
خطے میں کشیدگی اور تناؤ کا اصلی ذمہ دار امریکہ ہے، شمالی کوریا
جاپانی وزیر دفاع نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ شمالی کوریا متعلقہ ٹیکنالوجی اور عملی صلاحیت تیزی کے ساتھ اور بتدریج بہتر بنا رہا ہے۔ انہوں نے شمالی کوریا کی طرف سے میزائل داغنے میں رازداری اور تیزی کو بہتر بنانے کا حوالہ دیا جو میزائل داغنے کی علامات کا کھوج لگانے کو مشکل بنانے کے ساتھ ساتھ متنوع طریقوں سے میزائل فائر کرنے اور اچانک حملہ کرنے کی اپنی صلاحیت کو بہتر بنا رہا ہے۔
کِشی نے کہا کہ جاپان اور خطے کی سلامتی کیلئے جوہری اور میزائل ٹیکنالوجی میں شمالی کوریا کی تیز رفتار پیشرفت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیانگ یانگ کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کا داغا جانا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے اور جاپان اسکی بھرپور مذمت کرتا ہے۔