اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

شمالی وزیرستان: پاک فوج کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، 13 جوان شہید

Pakistan army

شمالی وزیرستان: پاک فوج کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، 13 جوان شہید

اسلام آباد (صداۓ روس)
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے کی کوشش کی گئی ہے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سے فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، قافلے کے آگے موجود دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناپاک منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں وطن عزیز کے 13 بہادر سپوت شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملہ دہشت گرد ریاست بھارت کے آلۂ کار گروہ ’فتنہ الخوارج‘ کے ذریعے کیا گیا، حملے میں 3 معصوم شہری زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں 2 بچے اور 1 خاتون شامل ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران خوارج کا تعاقب کیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے 14 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے، بزدلانہ و گھناؤنے حملے کے تمام مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ شہید ہونے والوں میں صوبیدار زاہد اقبال، حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف، نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیر احمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز، سپاہی منظر علی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کےلیے پُرعزم ہیں۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں واضح ثبوت ہیں کہ ہم ہر قیمت پر اپنے وطن کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہیں۔

Share it :