جوہری طاقتوں کو ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنا ہوگا، کریملن

kremlin kremlin

جوہری طاقتوں کو ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنا ہوگا، کریملن

ماسکو (صداۓ روس)
کریملن نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ تمام جوہری طاقتیں ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ایک بریفنگ کے دوران اس مؤقف کا اظہار کیا۔ دیمتری پیسکوف نے کہا کہ روس کا ماننا ہے کہ ’’جوہری کلب‘‘ کے تمام رکن ممالک اس انداز میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے کہ کسی بھی قسم کی جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کی بنیاد نہ پڑے۔ انہوں نے یہ بات ترکی کی جانب سے اُن حالات سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی جن کے تحت انقرہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی راہ اختیار کر سکتا ہے۔

اس سے قبل ترکی کے اعلیٰ سفارتکار اور وزیرِ خارجہ ہاکان فدان نے ایران کی جانب سے ممکنہ طور پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے تناظر میں کہا تھا کہ ایسی صورتحال انقرہ کو ’’غیر ارادی طور پر‘‘ جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں داخل ہونے پر مجبور کر سکتی ہے۔ بعد ازاں ایک ضمنی سوال کے جواب میں، جس میں ترکی کے خود جوہری ہتھیار رکھنے سے متعلق پوچھا گیا تھا، وزیرِ خارجہ نے معنی خیز مسکراہٹ کے ساتھ ردِعمل دیا تاہم اس حوالے سے کوئی واضح بیان نہیں دیا۔