ڈرژبا پائپ لائن سے روسی تیل کی ہنگری کو ترسیل بحال
ماسکو(صداۓ روس)
ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سییارتو نے اعلان کیا ہے کہ روس سے ہنگری کو تیل کی ترسیل دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ یہ سپلائی اس وقت معطل ہوئی تھی جب یوکرینی فوج نے ڈرون حملے کے ذریعے ڈرژبا تیل پائپ لائن کو نشانہ بنایا تھا۔
پیٹر سییارتو کے مطابق 18 اگست کی رات یوکرین نے پائپ لائن کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ کیا، جس کے بعد روسی ماہرین نے مرمت کا کام مکمل کیا اور اب تیل کی سپلائی بحال ہوگئی ہے۔ انہوں نے روس کے پہلے نائب وزیر توانائی پاول سورکین سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد بتایا کہ میں نے پاول سورکین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تیزی سے حملے سے ہونے والے نقصان کو دور کیا۔ ہنگری کے وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہم توقع کرتے ہیں کہ یوکرین مستقبل میں اس پائپ لائن پر مزید حملے نہیں کرے گا جو ہماری توانائی کی فراہمی کے لیے نہایت اہم ہے۔ یہ ہماری جنگ نہیں، ہمیں اکیلا چھوڑ دیا جائے۔