ماسکو سیکیورٹی اجلاس میں سو سے زائد ممالک کی شرکت متوقع
ماسکو(صداۓ روس)
روس کی سیکیورٹی کونسل نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ عالمی سلامتی پر سالانہ اجلاس کے لیے دنیا کے جنوب اور مشرق سے سو سے زائد ممالک کی 125 سے زائد وفود کی شرکت متوقع ہے، جن میں 14 بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے. یہ اجلاس، جسے “سلامتی کے امور کے اعلیٰ نمائندوں کی تیرہویں بین الاقوامی ملاقات” کا نام دیا گیا ہے، 27 سے 29 مئی تک ماسکو میں “روس” نیشنل سینٹر میں منعقد ہوگا۔ اس کی صدارت روس کی سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری سرگئی شوئیگو کریں گے۔
اجلاس میں برِکس، آسیان، شنگھائی تعاون تنظیم، یوریشیائی اقتصادی یونین اور سی آئی ایس کے نمائندوں کے درمیان غیر رسمی مذاکرات بھی شامل ہوں گے۔ اجلاس کا بنیادی مقصد بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا اور ایک “زیادہ منصفانہ اور جامع سلامتی کے نظام” کی تشکیل پر گفتگو کرنا ہے، جسے منتظمین نے سب کے لیے مساوی اور ناقابل تقسیم سلامتی قرار دیا ہے۔
اس موقع پر پہلی بار سماجی علوم کی بنیاد پر عالمی سلامتی پر ایک علمی سیمینار بھی ہوگا، جس کا انعقاد سیکیورٹی کونسل کے ماہرین کے مشاورتی بورڈ کی جانب سے کیا جائے گا۔
سیکیورٹی کونسل کے بیان کے مطابق: “بین الاقوامی سلامتی اور قومی خودمختاری پر خارجہ پالیسی کے اہم فیصلے سائنسی بنیادوں پر مبنی تصورات، طریقوں، امکانات اور پیش گوئیوں پر ہونے چاہئیں۔”
یاد رہے کہ روس 2010 سے اس سالانہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، جو عالمی سلامتی، بین الاقوامی تعاون اور دہشت گردی، انتہاپسندی، سرحد پار جرائم، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کا ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔